ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لون موروٹیم:15 نومبرتک سود معافی کا منصوبہ نافذ ہوگا لوگوں کو راحت، مرکزی حکومت کو پھٹکار

لون موروٹیم:15 نومبرتک سود معافی کا منصوبہ نافذ ہوگا لوگوں کو راحت، مرکزی حکومت کو پھٹکار

Thu, 15 Oct 2020 11:06:23    S.O. News Service

نئی دہلی،15؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ نے لون موریٹوریم معاملے پر عام آدمی کو بڑی راحت دیتے ہوئے کہا کہ موریٹوریم سہولت کا فائدہ لینے والے لوگوں کو15نومبر2020تک سود پر سودنہیں دینا ہوگا۔ ساتھ ہی کہا کہ15نومبر تک کسی کا لون اکاؤنٹ نان پرفارمنگ ایسٹ (این پی اے) اعلان نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ہم نے اس پر روک لگا رکھی ہے۔ اس سے پہلے سماعت کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے پیش سالیسٹر جنرل اور ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی) و بینکوں کے وکیل ہریش سالوے نے معاملے کی شنوائی ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ اس کے بعد معاملے کی سماعت2 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔بتادیں کہ معاملے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے مرکز کو 2کروڑ روپئے تک لون پر سود کی چھوٹ کے معاملے میں سرکلر جاری کرنے کیلئے2 نومبر تک کی ڈیڈلائن طے کی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ عام لوگوں کی دیوالی اب حکومت کے ہاتھوں میں ہے۔ مرکزی حکومت نے تمام طرح کے رسمی طور پر حوالہ دیتے ہوئے فیصلے کو نافذ کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت مانگا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت کوسود پر سود معافی اسکیم کو جلد سے جلد نافذ کرنا چاہئے۔ اس کیلئے مرکز کو ایک ماہ کے وقت کی ضرورت کیوں چاہئے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت اس بارے میں فیصلہ لیتی ہے تو ہم فوری طور پر حکم پاس کردیں گے۔ اس پر سالیسٹر جنرل نے کہا کہ تمام قرض مختلف طریقوں سے دیئے گئے ہیں۔ لہٰ ذا سب کے ساتھ مختلف طریقوں سے نمٹنا ہوگا۔ تب سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ سود پر سود میں چھوٹ والی اسکیم پر 2نومبر تک ایک سرکلر لائیں۔ اس پر سالیسٹر جنرل نے کہا کہ حکومت 2نومبر تک سود پر سود میں معافی اسکیم کو لیکر سرکلر جاری کر دے گی-

کیا ہے معاملہ:کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مرکزی حکومت نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا۔ اس وقت صنعتیں مکمل طور پر بند تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ تاجروں اور کمپنیوں کو بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بہت سے لوگ ملازمت سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایسی صورتحال میں بینکوں سے لئے گئے قرضوں کی قسطوں کو ادا کرنا مشکل تھا۔ ایسی صورتحال میں ریزرو بینک نے لون موریٹوریم کی سہولت دے دی-


Share: